بنگلورو،29؍جولائی(ایس او نیوز) اگری گولڈ،ڈریمس انڈیا،سیون ہلز،ہرشا ینٹرٹینمنٹ سمیت10اہم کمپنیوں کے گھوٹالوں کی تحقیق کررہی سی آئی ڈی پولیس نے3450کروڑ روپیوں کا دھوکہ دےئے جانے کا پتہ لگایاہے۔ 10؍کمپنیوں کے خلاف اب تک422معاملات درج کرکے100افراد کی گرفتاری عمل میں لائے جانے کے متعلق آج سی آئی ڈی کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشور چندرا نے اخباری کانفرنس کے دوران تفصیلات پیش کیں۔
انہوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی 2013سے2016تک10کمپنیوں کے خلاف دائر شدہ422معاملات کی تحقیق کررہی ہے۔ اب تک17؍لاکھ93ہزار480افراد نے3,273کروڑ روپیوں کا سرمایہ مذکورہ کمپنیوں میں لگایاہے۔ ان میں انجینئرز، سرکاری ملازمین، وظیفہ یاب ملازمین اور خواتین سمیت کئی افراد اپنی رقم کھوچکے ہیں۔ کشور چندرا نے بتایا کہ شہریوں کو دھوکہ دے رہی 10؍اہم کمپنیاں اگری گولڈ کمپنی، ہندوستان ان پروکن کمپنی،سیون ہلز،ڈریمس انڈیا، ٹی جے ایس، کنٹرکشنس لمیٹیڈ، گرہا کلیان، ہرشا اینٹرٹیمنٹ ،گرین برڈز،اگرو فورم پرائیویٹ لمیٹیڈ،ورکشابزنس اور مائیتری پلانٹیشن اینڈ ہارٹیکلچر پرائیویٹ لمیٹیڈ کے خلاف مزید جانچ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنیوں کے جھانسہ میں آئے کئی افراد بھول چکے ہیں۔ چند افراد نے ہی شکایتیں درج کروائی ہیں۔ انہوں نے دھوکہ کھائے افراد سے گزارش کی کہ وہ قریبی پولیس تھانوں یا سی آئی ڈی کرائم برانچ میں کمپنیوں کے خلاف فوری شکایتیں درج کروائیں۔ کشورچندرا نے بتایا کہ اگری گولڈ کمپنی کے ملزم ہووا وینکٹا رامنا راؤ نے کئی افراد سے1640کروڑ روپئے وصول کررکھے ہیں۔دھوکہ دہی کے اس معاملہ کی تحقیق کررہی پولیس ٹیم کمپنی کی ملکیت کی430ایکڑ زمین قبضہ میں کرلی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ2006سے2015تک اس کمپنی کے خلاف 80معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں 24؍افراد کو گرفتار کیاگیاہے۔8لاکھ 41ہزار616افراد کو1640کروڑ روپیوں کا دھوکہ دیاگیاہے۔ کمپنی سے250کروڑ روپئے مالیات کی530ایکڑزمین،12کاریں،76لاکھ روپئے نقد بھی ضبط کرلئے جانے کے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ ہندوستان ان پروکن کمپنی سے متعلق اہم ملزم لکشمی نارائن سمیت19؍ملزمین نے7؍لاکھ19ہزار293افراد کو389کروڑ ر وپیوں کا چونا لگایاہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمپنی نے2010سے2016تک لا تعداد معصوم افراد کو جھانسہ میں لے کر دھوکہ دیاہے۔ اس کمپنی کے خلاف64معاملات درج ہیں۔ کمپنی کی 374 ایکڑ زمین،14لاکھ روپئے سمیت34کروڑ روپئے کی جائیداد ضبط کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مائتری پلانٹیشن اینڈہارٹیکلچر پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے2007سے 2014 تک 7779افراد کو10؍کروڑ روپیوں کا دھوکہ دیاہے۔ اس کمپنی کے خلاف12معاملات درج کئے گئے اور7افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کمپنی کی کرناٹک اور آندھرا پردیش ریاستوں میں موجود 43کروڑ روپئے مالیت کی 4580 ایکڑ زمین ضبط کرلی ہے ۔ اس کمپنی کے اہم ملزم کو ناریڈی کو حراست میں لے کر مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
کشور چندرا کے مطابق گرین برڈز اگرو فارم پرائیویٹ لمیٹیڈ نے2008سے2013تک94,045افراد سے53.88کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں۔ اس کمپنی کے خلاف122معاملات داخل کئے گئے ہیں۔ کمپنی کے ڈی ایل راویندر ناتھ سمیت5؍افراد کو گرفتار کیاجاچکاہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمپنی کے3 مکان ،254 گنٹے زمین،3 سائٹس،8گاڑیاں سمیت 30کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبیدار عرف ہرشا کا سانیس نامی شخص کی ہرشا اینٹرٹمنٹ نامی کمپنی سے2009سے 2015 تک74ہزار افراد سے136کروڑ روپئے حاصل کررکھے ہیں۔کمپنی کے خلاف ایک معاملہ درج کرکے8افراد کوگرفتار کرکے کمپنی کی زمین ،سائٹس،مکان، شیرز،گاڑیاں سمیت مختلف فلموں کوتیار کرنے کے لئے لگائی گئی 9.42 کروڑ روپئے سمیت جملہ40 کروڑ روپیوں کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ سچن نائک داس چودھری کی ڈریمس انڈیا کمپنی نے 2011 سے2016ء تک6500افراد سے 573 کروڑ روپئے وصول کئے ہیں۔کمپنی کے خلاف37معاملات درج کرکے 3افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ کمپنی کی زمین، مکانات،100کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سجن نائک اور سندیپ کور کی ٹی جی ایس کنسٹرکشن لمیٹیڈ کمپنی نے2013سے2016تک5315افراد سے 260کروڑ روپئے حاصل کررکھے ہیں۔ کمپنی کے خلاف27معاملات درج کئے گئے ہیں۔اس میں6افراد کو گرفتار کیاگیاہے ، ان کے قبضہ سے15لاکھ روپئے نقد،250گرام زیورات سمیت65کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ سچن نائک مزومدار سمیت6؍افراد نے6237افراد سے 277 کروڑ روپئے حاصل کررکھے تھے ۔ اس کمپنی کے خلاف18معاملات درج کرکے 21 کروڑ روپئے کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ سیون ہلز کمپنی کے جے نارائنپا سمیت28؍افراد نے 1.3لاکھ افراد سے81کروڑ روپئے وصول کررکھے ہیں۔ ان کے خلاف13معاملات درج ہیں، کمپنی کی11؍کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے۔ جیوراج پرانک سمیت دیگر3؍افراد کی ورکشا بزنس کمپنی نے 1995افراد سے30کروڑ روپئے کا دھوکہ دیاہے۔ اس کمپنی کے خلاف339افراد نے معاملات درج کررکھے ہیں، کمپنی کی10لاکھ روپئے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے ۔کمپنی کے اکثر افراد پولیس حراست میں ہیں۔کشور چندرا نے دھوکہ کائے افراد سے گزارش کی کہ اگر وہ مذکورہ کمپنیوں کے خلاف دستاویزات کے ساتھ معاملات درج کروائیں تو سی آئی ڈی تحقیقات میں اور عدالت میں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے میں کافی آسانی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس ضبط شدہ جائیداد اور نقد کو دھوکہ کھائے افراد میں تقسیم کرنے کے لئے حکومت اور عدالت سے اجازت لینے والی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمپنیوں سے دھوکہ کھائے افراد سی آئی ڈی دفتر کے ٹیلی فون نمبر 080-22942444پر تفصیلات پیش کرسکتے ہیں۔
کشور چندرا نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے تقریباً40افسران نے ان معاملات کی تحقیقات کی تھی، جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمین نے معصوم افراد سے رقم اینٹھ کر من مانے طریقے سے رقم خرچ کی ہے۔ چند افراد نے کئی فلمیں بھی تیارکررکھی ہیں اور کئی کمپنیوں کے مالکان نے اپنی بیویوں کو فلم اداکارہ بنارکھاہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنیوں نے معصوم عوام کو کم قیمتوں میں سائٹیں فراہم کرنے، افزود سود دینے کی امید دلاکر رقم اینٹی ہے۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ ایسی دھوکہ باز کمپنیوں سے ہوشیار رہیں اور کمپنیوں پر کسی بھی طرح کے دھوکہ دہی کا پتہ لگنے پر ریاستی چیف سکریٹری کی قیادت میں تشکیل شدہ اعلیٰ سطح کمیٹی سے رجوع ہوں۔ کمیٹی میں کئی سرکاری اداروں کی نمائندگی ہے جو ہر ماہ عوام کی شکایتوں کو سنجیدگی سے لے کر اس پر کارروائی کرتی ہے۔